بالی وڈ کے اداکار سنجے دت پانچ برس کے وقفے کے بعد فلموں میں واپس آ رہے ہیں۔
غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں سزا کاٹنے والے سنجے دت کے لیے بالی وڈ اب شاید کافی بدلہ بدلہ ہو۔
رنبیر کپور سنجے دت کا کردار ادا کریں گے
کئی نئے ہیرو سامنے آ چکے ہیں اور ایسے میں سنجے دت خود کو کس طرح دیکھتے
ہیں، اس پر انھوں نے کہا ہے کہ پانچ برس کوئی سائیکل نہ چلائے تو کیا وہ
سائیکلنگ بھول جاتا ہے۔
سنجے دت کو راکی فلم سے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیے 30 برس سے زیادہ
عرصہ ہو چکا ہے اور اس دوران وہ واقعی، سڑک، منا بھائی ایم
بی بی ایس جیسی یادگار فلمیں دے چکے اور اس بار پھر فلم بھومی سے
وہ فلموں میں واپس آ رہے ہیں۔
باپ بیٹی کے رشتے کے موضوع پر بننے والی اس فلم میں سنجے والد کردار میں نظر آئیں گے۔
سنجے دت کے مطابق میں اس فلم سے ایک بار پھر بالی وڈ آ رہا ہوں اور اس فلم کو اپنی واپسی کہوں گا۔
سنجے خود دو بیٹیوں کے باپ ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ باپ بیٹی کا رشتہ
انمول ہوتا ہے لیکن وہ اپنی بڑی بیٹی ترشالا کو فلموں میں آنے نہیں دینا
چاہتے ہیں۔
بی بی
سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اس کی وجہ بتائی کہ اداکاری کوئی
آسان کام نہیں ہے۔ ترشالا کو بالی وڈ کے لیے ہندی بھی سیکھنی ہوگی۔ اس نے
فورینزک سائنس کی تعلیم حاصل کی ہے، اس میں ہی آگے بڑھنا چاہیے۔ اگر وہ
فلموں میں آتی تو میں اس کی ٹانگیں ہی توڑ دیتا۔
لیکن اس کے ساتھ انھوں نے خواتین کی آزادی کی بات کرتے ہوئے کہا کہ آج
بات بات پر لڑکیوں کو کمزور بتایا جاتا ہے۔ آج بھی لڑکیوں کو ان کے من پسند
کپڑے پہننے کی آزادی نہیں ہے، میں ہر اس مرد سے کہنا چاہتا ہوں کہ ایک بچہ
جنم دے کر دیکھ لو خواتین کی طاقت کا پتہ چل جائے گا۔
وہ کہتے ہیں کہ امریکہ میں جب بچہ پیدا ہونے والا ہوتا ہے تو بیوی کے ساتھ شوہر بھی لیبر روم جاتے ہیں۔
سنجے دت کہتے ہیں کہ میری بیوی کو جب لیبر روم لے جایا جا رہا تھا، میں
ان کے ساتھ تھا۔ میں نے ان کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ بیوی کا درد دیکھ کر میں
بے ہوش ہو گیا تھا۔
سنجے دت کی زندگی پر بھی ایک فلم بن رہی ہے لیکن اس میں سنجے کا کردار رنبیر کپور ادا کر رہے ہیں۔
سنجے کہتے ہیں کہ میں اپنی فلم میں کام کرنا چاہتا تھا، لیکن اب میری عمر زیادہ ہو گئی ہے۔